وزیراعظم کی کم آمدن طبقے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے کسانوں، کم آمدن اور متوسط طبقے، ایس ایم ایز اور ہاؤسنگ سیکٹر کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے زراعت، ایس ایم ایز کی ترقی اور ’’اپنا گھر‘‘ اسکیم کے لیے فنانسنگ کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ بینک اور مالیاتی ادارے ان شعبوں کو قرضوں کی فراہمی میں مؤثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ قرضوں کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرنے والے بینکوں کی حکومت حوصلہ افزائی کرے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ زرعی شعبہ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے اس کے فروغ کے لیے اقدامات کرنا قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کسانوں کو بلا رکاوٹ اور آسان شرائط پر مالی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے سستی رہائش کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

اجلاس میں ہاؤسنگ، زراعت اور ایس ایم ایز کے شعبوں کی فنانسنگ کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے صوبائی چیف سیکریٹریز کو ایسی سرکاری املاک کا جامع سروے کرانے کی ہدایت بھی کی جہاں ’’اپنا گھر‘‘ اسکیم کے تحت گھر کے خواہشمند افراد کو بینکوں کے ذریعے قرض فراہم کیا جاسکے۔