اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی پہلی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں تعلیم، جدید علوم اور روزگار کے یکساں مواقع فراہم کیے بغیر ملک ترقی کی دوڑ میں آگے نہیں بڑھ سکتا۔
نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا مختص کیا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ بطور خادم پنجاب انہوں نے تعلیم کے فروغ کے لیے متعدد اہم اقدامات کیے اور کوشش کی کہ پاکستان تعلیم کے میدان میں دیگر ممالک سے پیچھے نہ رہے۔ پنجاب میں دیگر صوبوں کے طلبہ کو بھی تعلیمی مواقع فراہم کیے گئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ کس قدر المیے کی بات ہے کہ ایک طرف امیر طبقے کے بچے مہنگی ترین درسگاہوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب غریب کا بچہ عام تعلیمی مواقع سے بھی محروم ہے۔
ایچی سن کالج کا حوالہ دیتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہاں غریب کا بچہ تعلیم حاصل کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ سوال یہ ہے کہ کیا یہ قائداعظم کا پاکستان ہے جہاں غریب کا بچہ تعلیم کے حصول سے محروم رہے؟
انہوں نے کہا کہ اسی سوچ کے تحت ایچی سن کالج کے مقابلے میں دانش اسکول قائم کیے گئے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی دانش اسکول قائم کیے گئے ہیں، جبکہ ان اسکولوں کا دائرہ کار ملک کے دیگر صوبوں تک بھی بڑھایا جائے گا۔ صوبائی حکومتوں کو بھی اسی طرز کے معیاری تعلیمی ادارے قائم کرنے چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کو نوجوان نسل سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں اور نوجوانوں کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ نوجوانوں کو ترقی کی دوڑ میں شامل کیے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا اور انہیں جدید علوم سے ہم آہنگ کیے بغیر پاکستان ترقی کے سفر میں پیچھے رہ جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال ایک ہزار زرعی گریجویٹس کو جدید علوم کے حصول کے لیے چین بھیجا گیا، جبکہ رواں سال نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے لیے چین بھیجا جائے گا۔ ان طلبہ کا انتخاب صرف میرٹ کی بنیاد پر ہوگا اور تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں کا ازالہ نوجوانوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے وسائل فراہم کرکے کیا جاسکتا ہے۔ اسلام آباد میں ایک بہترین دانش یونیورسٹی قائم کی جائے گی، جہاں آئندہ سال کلاسز کا اجرا ہوگا۔
انہوں نے نوجوانوں میں میرٹ کی بنیاد پر مزید لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 2 لاکھ 50 ہزار نوجوانوں کو کروم بکس فراہم کی جائیں گی، جبکہ اب تک 7 لاکھ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دیے جا چکے ہیں۔
وزیراعظم نے ملک کی پہلی یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ لیبر فورس میں خواتین کے لیے 35 فیصد کوٹا مقرر کیا جائے گا، جبکہ ہر سال نئے کاروباری منصوبوں کے لیے 10 فیصد کوٹا مختص کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم، جدید ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کرکے انہیں ملکی معیشت اور ترقی کے عمل کا فعال حصہ بنایا جائے گا۔






