ہائیکورٹس میں ججز کی تعیناتی کا معاملہ حل، صدر مملکت نے تمام سمریاں منظور کرلیں

*صدر زرداری نے ہائی کورٹس میں ججز کی تقرریوں کی تمام سمریاں منظور کر لیں*

صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرریوں کی تمام سمریوں کی منظوری دے دی ہے۔ اس اہم معاملے کے حل میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کلیدی کردار ادا کیا۔

تفصیلات کے مطابق صدر نے لاہور، سندھ، پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان ہائی کورٹس میں ایڈیشنل ججز کی تقرریوں کی منظوری دی۔ اس کے ساتھ سندھ ہائی کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے بعض ایڈیشنل ججز کو مستقل ججز کے طور پر تعینات کرنے کی بھی توثیق کی گئی۔

*ہائی کورٹس میں تقرریوں کی تفصیل:*
– *لاہور ہائی کورٹ*: 10 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی
– *سندھ ہائی کورٹ*: 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی اور 1 ایڈیشنل جج کی مدت میں توسیع
– *اسلام آباد ہائی کورٹ*: 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی
– *پشاور ہائی کورٹ*: 4 ایڈیشنل ججز کی مستقلی
– *بلوچستان ہائی کورٹ*: 3 ایڈیشنل ججز کی تعیناتی

صدر نے سپریم کورٹ کے ججز کی تنخواہیں، الاؤنسز اور پنشن وفاقی آئینی عدالت کے ججز کے برابر کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس کے علاوہ ہائی کورٹ ججز کے رخصت، پنشن اور مراعات سے متعلق 1997 کے صدارتی حکم نامے میں ترامیم بھی منظور کی گئیں۔

اس کے ساتھ ہارون اختر خان کو وزیراعظم کا مشیر برائے صنعت و پیداوار مقرر کرنے کی سمری پر بھی دستخط کر دیے گئے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سے صدر کے مشیر عرفان قادر اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ملاقات ہوئی تھی جس میں وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں ججز کی تقرریوں کی سمریوں کی منظوری پر اہم مشاورت مکمل کی گئی تھی۔

#صدر_زرداری #ججز_تقرری #ہائی_کورٹ #سپریم_کورٹ #پاکستان #قانون