سکیورٹی فورسز کا بلوچستان میں آپریشن ، فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقے پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت مزید 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جس کے دوران ان کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد پنجگور میں لوٹ مار، اغوا اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 15 خوارج ہلاک کیے گئے تھے۔ مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق مؤثر کارروائیوں کے باعث خوارج کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت محدود کر دی گئی ہے۔