آزاد کشمیر انتخابات, پیپلز پارٹی کا ن لیگ پر دھاندلی کا الزام

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے باغ اور حویلی اضلاع کے 4 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔

پیپلز پارٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ باغ کے حلقہ ایل اے 15 اور ایل اے 16 کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر مقررہ وقت کے بعد بھی پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کو شکایت بھی جمع کرائی گئی ہے۔

پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء القمر نے حلقہ ایل اے 15 کے ہٹالہ پدر میں پولنگ اسٹیشن نمبر 143 اور 144 پر عملہ نہ پہنچنے اور مقررہ وقت کے ڈیڑھ گھنٹے بعد بھی پولنگ شروع نہ ہونے کی شکایت کی۔ پارٹی کے مطابق ایل اے 16 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 141 اور 61 پر بھی ساڑھے 9 بجے تک پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔

پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن پر حلقہ ایل اے 14 کے علاقے بنی مالدھارا کے 7 پولنگ اسٹیشنز پر اپنے پولنگ ایجنٹس کو نکالنے اور بیلٹ پیپرز پر مہریں لگانے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ اس معاملے پر بھی الیکشن کمیشن کو شکایت جمع کرائی گئی ہے۔

چاروں حلقوں میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ شیڈول میں تبدیلی کے بعد پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے 2 حلقوں میں انتخابات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

پونچھ ڈویژن کے 4 حلقوں میں مجموعی طور پر 82 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ ایل اے 17 حویلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور محسن عزیز کے درمیان مقابلہ ہے۔ چیف الیکشن کمشنر کے مطابق چاروں حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے اور سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کیں۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن اور مہاجرین کی 21 نشستوں میں مسلم لیگ ن 15 جبکہ پیپلز پارٹی 6 نشستوں پر کامیاب رہی۔

اب تک 45 نشستوں میں مسلم لیگ ن 24 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ پیپلز پارٹی 10 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔