کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) دینے کی منظوری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا کو نشانِ امتیاز (ملٹری) عطا کرنے کی منظوری دے دی۔

جنرل سید عامر رضا نے گزشتہ ہفتے ملک کے پہلے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔ اس موقع پر جنرل ہیڈکوارٹرز میں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جبکہ انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

24 جولائی کو وزیراعظم شہباز شریف نے جنرل سید عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دیتے ہوئے کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ مقرر کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ملاقات کی۔

واضح رہے کہ 27ویں آئینی ترمیم کے تحت کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کا عہدہ متعارف کرایا گیا، جبکہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے عہدے کی جگہ چیف آف ڈیفنس فورسز اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے نئے عہدے قائم کیے گئے۔ ترمیم کے مطابق وزیراعظم، چیف آف ڈیفنس فورسز کی سفارش پر کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کی ابتدائی تین سالہ مدت کے لیے تقرری کریں گے، جبکہ سفارش کی صورت میں مزید تین سال کی توسیع بھی دی جا سکے گی۔ وزیراعظم کو اس عہدے کی سروس شرائط اور قواعد و ضوابط طے کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔