فتنہ الخوارج افغان سرزمین استعمال کر رہا ہے، شہباز شریف

کوئٹہ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں حملے کرتے ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

کوئٹہ میں صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار روز میں دہشت گردی کے سنگین واقعات پیش آئے، تاہم سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بلوچستان میں 54 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ حملوں میں پولیس، پاک فوج کے جوان اور شہری شہید ہوئے، لیکن سیاسی اور عسکری قیادت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل طور پر یکسو ہے اور آخری فسادی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد افغان سرزمین استعمال کر رہے ہیں جبکہ پاکستان کے مشرقی ہمسائے کی جانب سے دہشت گردوں کو اسلحہ اور مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی خارجی عناصر ملوث ہیں۔

وزیراعظم نے مسلح افواج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور فتنہ الخوارج کے مذموم عزائم ہر صورت ناکام بنائے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابیاں دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہیں، گزشتہ سال معرکۂ حق کی کامیابی بھی دشمن کو کھٹک رہی ہے، تاہم شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان، وفاقی وزرا احد چیمہ، عطا اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے شرکت کی۔ اجلاس کے اختتام پر شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close