راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن انٹیلیجنس ایجنسیوں کی سازشوں سے مکمل طور پر آگاہ ہیں اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کو ریاست پوری قوت سے کچل دے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے گریجویٹنگ افسران سے خطاب کیا۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کی نوعیت تبدیل ہو چکی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج بھی اپنی حکمتِ عملی اور صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ڈھال رہی ہیں۔ ان کے بقول اسٹریٹجک وضاحت اور ادارہ جاتی پیشہ ورانہ مہارت ہی پیچیدہ چیلنجز سے نمٹنے کی بنیاد ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی جیسے ادارے مستقبل کی عسکری اور سول قیادت کو ہائبرڈ، روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے تیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ایجنسیوں کے زیرِ سرپرستی کام کرنے والے پراکسی نیٹ ورکس پاکستان کے امن اور معاشی ترقی کو نقصان نہیں پہنچا سکیں گے، جبکہ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ جنگیں میڈیا کے شور یا سیاسی نعروں سے نہیں بلکہ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط سے جیتی جاتی ہیں۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، بلند حوصلے اور آپریشنل تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے گریجویٹنگ افسران کو دیانت، بے لوث خدمت اور وطن سے غیر متزلزل وابستگی اختیار کرنے کی تلقین کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






