اسلام آباد / لاہور: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ریاست کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ بہادر سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان سے وابستہ آٹھ دہشت گردوں کو ہلاک کر کے ان کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے امن کے دشمنوں کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست دی جائے گی اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خاران اور مستونگ میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے آٹھ دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی اداروں کا مشترکہ عزم غیر متزلزل ہے اور ملک کے امن کے لیے ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






