تشدد انسانی حقوق و قوانین اور اسلامی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تشدد کی ہر شکل کے خاتمے اور انسانی وقار کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد اور غیر انسانی سلوک کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں۔

تشدد کے متاثرین کی حمایت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ تشدد انسانی حقوق، بین الاقوامی قوانین اور اسلامی تعلیمات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے متاثرین کو طبی، نفسیاتی، قانونی اور سماجی معاونت کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تشدد کے مرتکب عناصر کا ہر صورت احتساب یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاستی تحفظ، قانون پر مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی اصلاحات کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

شہباز شریف نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں جاری ریاستی جبر اور تشدد پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر ملکی قابضین تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور انسانی حقوق کی پامالی کے ذمہ دار عناصر کا احتساب کیا جائے۔ وزیراعظم نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close