پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل کیسے چیک کریں؟ اہم ہدایات جاری

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ خریداری سے قبل اس بات کی تصدیق ضرور کریں کہ موبائل فون پی ٹی اے سے منظور شدہ اور باقاعدہ رجسٹرڈ ہے، تاکہ بعد میں سروس کی معطلی یا دیگر مسائل سے بچا جا سکے۔

پی ٹی اے کے مطابق ملک میں غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ اور کلون شدہ موبائل فونز کی روک تھام کے لیے ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) نافذ ہے، جس کے تحت غیر رجسٹرڈ آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبرز والے موبائل فون بلاک کر دیے جاتے ہیں۔

اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ موبائل خریدنے سے پہلے اس کی تمام تفصیلات کی تصدیق کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ڈیوائس کا آئی ایم ای آئی نمبر فون اور اس کے باکس پر درج نمبر سے مطابقت رکھتا ہو۔

پی ٹی اے کے مطابق صارفین اپنے موبائل کا آئی ایم ای آئی نمبر معلوم کرنے کے لیے *#06# ڈائل کر سکتے ہیں یا PTA CMS موبائل ایپلیکیشن استعمال کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ صارفین 15 ہندسوں پر مشتمل آئی ایم ای آئی نمبر 8484 پر ایس ایم ایس کر کے بھی موبائل فون کی رجسٹریشن اور پی ٹی اے اسٹیٹس کی تصدیق کر سکتے ہیں۔

پی ٹی اے نے خبردار کیا ہے کہ موبائل فون کے آئی ایم ای آئی میں غیر قانونی تبدیلی، ری پروگرامنگ یا چھیڑ چھاڑ پیکا 2016 کے تحت قابلِ سزا جرم ہے، جس پر تین سال تک قید، 10 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔

اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صرف پی ٹی اے سے منظور شدہ موبائل فون خریدیں اور اگر بیرون ملک سے فون لائیں تو ایف بی آر کے مقررہ ٹیکس کی ادائیگی کے بعد اسے باقاعدہ رجسٹر کرائیں تاکہ موبائل سروس بلا تعطل جاری رہ سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close