وزیراعظم کا میثاق معیشت اور جمہوریت پر زور، اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت

وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات کے باوجود ملک کے وسیع تر مفاد میں بات چیت کا دروازہ کھلا رہنا چاہیے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت اپوزیشن سے پہلے بھی متعدد بار رابطے اور مذاکرات کی دعوت دے چکی ہے اور اب بھی مکمل طور پر تیار ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر میثاقِ معیشت اور میثاقِ جمہوریت کی طرف پیش رفت کریں، تاکہ ملک میں سیاسی استحکام اور معاشی بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایوان پورے ملک کی نمائندگی کرتا ہے اور یہاں موجود تمام ارکان عوامی مینڈیٹ کے ساتھ آئے ہیں، اس لیے سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔ ان کے مطابق اپوزیشن مخالف نہیں بلکہ پارلیمانی نظام کا حصہ ہے اور اسے ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ترقی، سلامتی اور استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے سیاسی محاذ آرائی سے گریز ضروری ہے۔

خطاب میں وزیراعظم نے صوبوں کے حقوق اور وسائل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ آئین کے تحت صوبوں کا مالی حصہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے بلوچستان کو ملک کا اہم اور خوبصورت صوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام بہادری اور غیرت کی علامت ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ میں بلوچستان کے حصے میں 100 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ گوادر چمن شاہراہ جیسے بڑے منصوبے، جن پر 300 ارب روپے سے زائد لاگت آ رہی ہے، خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں شمسی ٹیوب ویل اور سولر منصوبے بھی جاری ہیں۔

وزیراعظم نے ملک میں امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات بدستور ایک چیلنج ہیں، تاہم سکیورٹی فورسز اور مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں جنہیں قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے حالیہ حادثات اور شہداء کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جانوں کی قربانی دینے والے قوم کے اصل ہیرو ہیں اور ان کا مقام ہمیشہ بلند رہے گا۔ وزیراعظم نے اپوزیشن سے دوبارہ اپیل کی کہ وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد میں حکومت کے ساتھ بیٹھے اور ملک کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close