فیلڈ مارشل عاصم منیر سے لبنانی آرمی چیف کی ملاقات,دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال

لبنان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل روڈولف ہائکل نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، اس موقع پر معزز مہمان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں عسکری رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال، اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر پاکستان اور لبنان کی افواج کے درمیان پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرمی دفاعی تعاون اور عسکری روابط کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ اس موقع پر لبنانی آرمی چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

ملاقات میں تربیتی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور دفاعی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی، دونوں جانب سے فوجی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

یہ دورہ پاکستان اور لبنان کے درمیان دفاعی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان عسکری شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی عکاسی کرتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close