فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر قوم اور مسلح افواج کے افسران و جوانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق اس اہم دن نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات، اتحاد اور قومی عزم کے جذبے کو اجاگر کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج ہمیشہ پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہیں اور قوم کے ساتھ اپنے رشتے کو خدمت اور فخر کے جذبے سے نبھا رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ معرکۂ حق قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کا مظہر تھا جس کی کامیابی نے قومی اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ معرکۂ حق نے پاکستان کو ایک ذمہ دار اور مستحکم علاقائی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کیا جبکہ پاکستان کے مؤثر ردعمل نے دشمن کی سازشوں، فالس فلیگ بیانیے اور گمراہ کن پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا، جس کے باعث دشمن کو عالمی سطح پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔
دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم اور مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے خصوصی پیغام جاری کیا۔ صدرِ مملکت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت، حکمت عملی اور جراتمندانہ فیصلوں کو کامیابی کا اہم سبب قرار دیا۔
انہوں نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ صدر مملکت نے نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری اور دفاعی صلاحیتوں کو بھی قومی سلامتی کے لیے قابلِ فخر قرار دیا۔
صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست ہے جس نے دشمن کی جارحیت کا متوازن مگر بھرپور جواب دے کر اپنی دفاعی صلاحیت دنیا پر واضح کی۔ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی کوشش کو آبی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کروڑوں پاکستانیوں کی زندگی کا مسئلہ ہے۔ صدرِ مملکت نے افغانستان پر بھی زور دیا کہ اس کی سرزمین پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں سے پاکستان خطے میں توازن اور استحکام کی علامت بن کر ابھرا ہے جبکہ ایران اور امریکہ کے درمیان تنازع کے پُرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






