یہ سرخ لکیر ہے اسے عبور نہ کیا جائے ، صدرعارف علوی نے عمران خان کوخبردار کر دیا

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کے بعد صدر عارف علوی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مبینہ طور پر متعدد مرتبہ سختی سے متنبہ کیا کہ وہ پارٹی کے رہنماؤں اور سوشل میڈیا  ٹیم کو نئے آرمی چیف اور فوج پر تنقید سے روکیں۔ روزنامہ جنگ میں انصار عباسی کی شائع خبر کے مطابق پارٹی قیادت اور سوشل میڈیا ٹیم کو بھیجے گئے واٹس ایپ پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ایک ذریعے نے دعویٰ کیا کہ

صدر علوی نے خان کو بتایا کہ نئی ملٹری اسٹیبلشمنٹ کیلئے ادارے کی عزت ایک سرخ لکیر کی طرح ہے، جسے عبور نہ کیا جائے۔ پی ٹی آئی کے سرکردہ ترجمان فواد چوہدری سے جب صدر علوی کے عمران خان کو بھیجے گئے پیغام کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ صدر اور پارٹی چیئرمین پر یہ بات واضح ہے کہ نئی فوجی اسٹیبلشمنٹ اور آرمی چیف پر تنقید نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کے ساتھ لڑائی نہیں کی جا سکتی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ

پی ٹی آئی آخر کیوں جنرل عاصم منیر پر تنقید کرے گی جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے خود ان کے تقرر میں مدد دی۔ انہوں نے کہا کہ نئے آرمی چیف نئی پالیسی لائیں گے اور پی ٹی آئی کو امید ہے کہ جو کچھ بھی ملٹری اسٹیبلشمنٹ نے جنرل (ر) باجوہ کے دور میں پی ٹی آئی کے ساتھ گزشتہ سات سے آٹھ ماہ کے دوران کیا وہ اب نہیں ہوگا۔

close