نیب افسران کے نام پر زیر تفتیش ملزمان کو جعلی فون کالز کے انکشاف نے تہلکہ مچا دیا، تفتیش شروع

کوئٹہ (پی این آئی) ڈی جی نیب کے نام پر بلوچستان میں کرپشن کیسز کے ملزموں اور سرکاری افسران کو جعلی فون کالز کے انکشاف نے تہلکہ مچا دیا ہے، جس کے بعد نیب کا انٹیلیجنس ونگ متحرک ہو گیا ہے اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ نیب بلوچستان کے ترجمان کے مطابق ادارے کے نوٹس میں آیا ہے کہ کچھ جعل ساز نیٹ کالز کی مختلف آئی پیز سے ڈی جی نیب کے نام پر زیر تفتیش ملزموں اور دیگر متعلقہ افراد کو فون کر رہے ہیں جو صریحاً فراڈ اور جعل سازی ہے اس سے متعلق نیب نے اپنے انٹیلی جنس کو بھی متحرک کر دیا ہے اور متعلقہ اداروں کو بھی کارروائی کے لیے کہا گیا ہے۔

نیب کے ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں عوام اور زیر تفتیش مقدمات میں ملوث افراد کو خبردار کیا گیا ہے کہ ایسی کسی بھی کال کرنے والے شخص کو کسی بھی قسم کی معلومات نہ دی جائیں اور نہ ہی ایسی کالز کو آفیشل تصور کیا جائے، بلکہ نیب کے کسی بھی افسر کے نام سے آنے والی کال سے متعلق فوری طور پر نیب آفس کو مطلع کریں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہدایت کے مطابق نیب کے کسی بھی کیس میں کوئی بھی افسر ذاتی طور پر فون پر ملزمان یا افراد سے رابطے کا مجاز نہیں ہے اور پوچھ گچھ میں مطلوب کسی بھی شخص کو باقاعدہ طور پر دفتر میں طلب کرکے جملہ تفتیشی عمل ریکارڈ پر لایا جاتا ہے۔۔۔

close