نیٹ میٹرنگ ! سولر صارفین کو بڑی سہولت مل گئی

سولر صارفین کے لیے بڑی سہولت فراہم کردی گئی ہے، اب صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی حیثیت آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی چیک کرسکتے ہیں۔

وزیر توانائی کی ہدایت پر نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ میں منتقلی سے متعلق 11 ہزار 695 زیرِ التوا درخواستیں حل کردی گئی ہیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ سے نیٹ بلنگ منتقلی کے لیے مجموعی طور پر 16 ہزار 654 درخواستیں زیرِ التوا تھیں، جن میں سے پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی نے 11 ہزار 695 صارفین سے پیغامات اور واٹس ایپ کے ذریعے براہِ راست رابطہ کیا۔

صارفین اپنی نیٹ میٹرنگ درخواست کی موجودہ حیثیت آن لائن پورٹل پر چیک کرسکتے ہیں۔ پاور ڈویژن کے ترجمان نے ہدایت کی ہے کہ درخواست کی جلد پراسیسنگ کے لیے کسی فرد کو کوئی فیس ادا نہ کی جائے۔

ترجمان کے مطابق صارفین سے براہِ راست رابطے کا مقصد انہیں ایجنٹوں اور غیر ضروری مداخلت سے محفوظ رکھنا ہے، جبکہ تصدیق کا بنیادی مقصد جائز صارفین کے حقوق کا تحفظ اور غیر قانونی کنکشنز کی روک تھام ہے۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ حکومت سولر انرجی اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کی بھرپور حامی ہے۔ حکومت سولرائزیشن کی راہ میں رکاوٹ نہیں بلکہ ایک شفاف اور پائیدار نظام چاہتی ہے۔