پاکستانی طلبا کے لیے گوگل جیمنائی پلس مفت، رجسٹریشن کا طریقہ کیا ہوگا؟

گوگل نے پاکستان میں اپنے باضابطہ آپریشنز کے آغاز کے موقع پر پاکستانی طلبہ کے لیے بڑی سہولت کا اعلان کیا ہے۔ کمپنی کے مطابق طلبہ کو گوگل ’جیمنائی پلس‘ کی سبسکرپشن ایک سال تک مفت دی جائے گی تاکہ وہ جدید مصنوعی ذہانت کی سہولیات کو اپنی تعلیم اور تحقیق میں استعمال کر سکیں۔

 

اسلام آباد میں گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے پاکستان کا دورہ کیا اور دفتر کے افتتاح کے موقع پر کہا کہ گوگل ایک دہائی سے زائد عرصے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کر رہا ہے اور مقامی دفتر کا قیام کمپنی کے طویل سفر کا اہم سنگ میل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تقریب میں گوگل کے پاکستان آفس کی بنیاد کی تختی کی نقاب کشائی کی اور اسے ملک کے ڈیجیٹل سفر کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

 

تقریب میں ولسن ایل وائٹ نے اعلان کیا کہ طلبہ ایک سال تک جیمنائی پلس مفت استعمال کر سکیں گے جس سے وہ پڑھائی، اسائنمنٹس اور تحقیقی کاموں میں اے آئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

 

رجسٹریشن اور اہلیت کے حوالے سے گوگل نے ابھی حتمی طریقہ کار جاری نہیں کیا۔ وزیر اطلاعات کے میڈیا کوآرڈینیٹر سعد قیصر خان کے مطابق مزید تفصیلات رواں ہفتے سامنے آنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گوگل کے باقاعدہ آپریشنز سے آئی ٹی انڈسٹری، اسٹارٹ اپس اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

 

گزشتہ سال گوگل نے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے یونیورسٹی طلبہ کے لیے اے آئی پرو پلان دیا تھا جس کے لیے اہل یونیورسٹیوں کی فہرست اور یونیورسٹی ای میل یا اسٹوڈنٹ کارڈ سے تصدیق درکار تھی۔ توقع ہے کہ نئی اسکیم میں بھی فعال گوگل اکاؤنٹ اور کسی اہل پاکستانی یونیورسٹی میں داخلہ جیسی شرائط شامل ہو سکتی ہیں تاہم یہ حتمی نہیں۔

 

اس وقت پاکستان میں جیمنائی پلس کی ماہانہ فیس تقریباً 850 روپے ہے۔ ایک سال کی لاگت تقریباً 10 ہزار 200 روپے بنتی ہے۔ اہل طلبہ کو مفت سبسکرپشن سے اتنی ہی بچت ہوگی۔

 

طلبہ کو مشورہ ہے کہ سرکاری اعلان کا انتظار کریں اور کسی غیر سرکاری ویب سائٹ یا مشکوک لنک پر اپنا گوگل اکاؤنٹ یا ذاتی معلومات فراہم نہ کریں۔