بھارتی کرکٹ بورڈ کے آئندہ اجلاس میں 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں سابق کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور رویندر جدیجا کے مستقبل پر غور کیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے ایک رکن نے روہت شرما کو آگاہ کیا تھا کہ سلیکٹرز آئندہ ٹیم میں انہیں شامل نہ کرنے کے فیصلے پر غور کرچکے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس فیصلے پر روہت شرما ناراض تھے، تاہم انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد ریٹائرمنٹ پر رضامندی کی بات بھی سامنے آئی تھی۔
تاہم لارڈز میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میں روہت شرما کی 138 رنز کی شاندار اننگز کے بعد ان کی فوری ریٹائرمنٹ کے امکانات فی الحال کم ہوگئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ویرات کوہلی اور رویندر جدیجا کو روہت شرما کے مقابلے میں اس وقت ریٹائرمنٹ یا ٹیم سے باہر ہونے کے حوالے سے نسبتاً کم دباؤ کا سامنا ہے۔
آئندہ اجلاس میں تینوں سینئر کھلاڑیوں کے مستقبل کے علاوہ 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کی حکمت عملی، اسکواڈ اور تیاریوں سے متعلق بھی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔






