ابوظبی ورلڈ جوجِٹسو چیمپئن شپ میں پاکستان نے 2 گولڈ میڈل جیت لیے

ابوظبی میں جاری ورلڈ جوجِٹسو چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 گولڈ اور ایک برانز میڈل جیت لیا۔

پاکستان نے پہلی بار ورلڈ جوجِٹسو چیمپئن شپ کی ماسٹرز کیٹیگری میں شرکت کی اور اپنے پہلے ہی ایونٹ میں دو طلائی تمغے حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی۔

چیمپئن شپ میں سابق ایشین چیمپئن ابو ہریرہ اور محمد عمار نے ماسٹرز کیٹیگری کے ڈیو اور ڈیو شو ایونٹس میں گولڈ میڈلز جیتے۔

اس کے علاوہ محمد یوسف اور محمد عمر نے انڈر 21 ڈیو کیٹیگری میں برانز میڈل اپنے نام کیا۔ دونوں کھلاڑی انڈر 21 ڈیو شو کیٹیگری میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

پاکستان جوجِٹسو فیڈریشن کے چیئرمین خلیل احمد خان نے قومی ایتھلیٹس کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔