رونالڈو ایک منٹ میں کتنا کماتے ہیں؟ حیران کن تفصیل سامنے آ گئی

کرسٹیانو رونالڈو کی دولت 1.2 ارب ڈالر تک پہنچ گئی، فوربز کا تخمینہ

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے مالی کامیابی کی ایک اور اہم منزل عبور کر لی ہے۔ امریکی جریدے فوربز کے تازہ تخمینے کے مطابق رونالڈو کے خالص اثاثوں کی مالیت تقریباً 1.2 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ وہ مسلسل تیسرے سال دنیا کے سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والے کھلاڑی قرار پائے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رونالڈو نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران تقریباً 300 ملین ڈالر کمائے، جس کے مطابق ان کی دولت میں اوسطاً ہر منٹ 570 ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا۔ مالیاتی ماہرین کے مطابق یہ کامیابی ان کی کھیل کے میدان کے ساتھ ساتھ کاروباری سرگرمیوں میں بھی غیر معمولی کامیابی کی عکاسی کرتی ہے۔

رونالڈو کی آمدنی میں نمایاں اضافہ 2023 میں سعودی کلب النصر میں شمولیت کے بعد دیکھنے میں آیا۔ بعد ازاں 2025 میں کلب کے ساتھ معاہدے میں توسیع کے بعد فوربز کے مطابق ان کی سالانہ آمدنی 200 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی، جو یورپ میں ان کے آخری برسوں کی کمائی سے کہیں زیادہ ہے۔

2022 کے قطر ورلڈ کپ سے قبل مانچسٹر یونائیٹڈ کے اس وقت کے کوچ ایرک ٹین ہیگ کے ساتھ اختلافات کے بعد رونالڈو نے ایک متنازع انٹرویو میں کلب پر تنقید کی تھی، جس کے بعد دونوں فریق باہمی رضامندی سے الگ ہو گئے۔ اس وقت کئی مبصرین نے ان کے مستقبل پر سوالات اٹھائے، تاہم سعودی لیگ میں منتقلی نے ان کے کیریئر کو نئی جہت دی۔

النصر میں شمولیت کے بعد نہ صرف رونالڈو کی آمدنی میں ریکارڈ اضافہ ہوا بلکہ مشرقِ وسطیٰ میں فٹبال کی مقبولیت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

فٹبال سے حاصل ہونے والی آمدنی کے علاوہ رونالڈو کی دولت میں عالمی برانڈز کے ساتھ اسپانسرشپ معاہدے، ذاتی برانڈ، ہوٹلوں، فیشن، فٹنس اور دیگر کاروباری منصوبوں کا بھی اہم کردار ہے۔ نائیکی، بائنانس اور ہربالائف سمیت متعدد بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ ان کے معاہدے انہیں دنیا کے کامیاب ترین اسپورٹس برانڈز میں شامل کرتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر تقریباً ایک ارب فالوورز کے ساتھ رونالڈو دنیا کے بااثر ترین کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں، جس کے باعث عالمی کمپنیاں انہیں اپنی تشہیری مہمات کے لیے ترجیح دیتی ہیں۔

فوربز کے مطابق رونالڈو کھیلوں کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جن کی مجموعی پیشہ ورانہ آمدنی، ٹیکس اور ایجنٹس کے کمیشن سے قبل، دو ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ وہ ارب پتی کھلاڑیوں کی صف میں اپنی جگہ مزید مضبوط کر چکے ہیں۔

اگرچہ پرتگال حالیہ عالمی کپ میں ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا، تاہم 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے تاحال ریٹائرمنٹ کا اعلان نہیں کیا۔ فٹبال ماہرین کا ماننا ہے کہ اگر ان کی فٹنس برقرار رہی تو وہ آئندہ برسوں میں بھی کھیلتے ہوئے مزید ریکارڈ اپنے نام کر سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close