بابر اعظم گلو کار بن گئے

قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم اور دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے بابر اعظم کی آواز سے منسوب مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے تیار کیے گئے گانوں پر دلچسپ اور مزاحیہ انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ کے آفیشل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اے آئی سے تخلیق کیے گئے گانے سنائے گئے جن پر ان کے ردعمل نے شائقین کرکٹ کی توجہ حاصل کر لی۔ ویڈیو میں بابر اعظم نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ گانا گانے کا شوق رکھتے ہیں تاہم مذکورہ کلپ میں استعمال کی گئی آواز ان کی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں گاتا تو ہوں لیکن یہ میری آواز نہیں ہے البتہ ویڈیو میں تصویر اچھی لگ رہی ہے۔ دوسری جانب آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے ہلکے پھلکے انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے بھی کم معیار کے گانے سن چکے ہیں اور انہیں نہیں لگتا کہ بابر اعظم اس سے بہتر گلوکاری کر سکتے ہیں۔
فاسٹ بولر نسیم شاہ نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا پر بابر اعظم کی آواز میں بنائے گئے اے آئی گانوں کی بڑی تعداد گردش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفر کے دوران وہ اکثر ایسی ریلز دیکھتے ہیں اور دلچسپی سے اسپیکر پر چلا کر سنتے ہیں۔ نسیم شاہ کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم کو کم از کم ایک مرتبہ اپنی حقیقی آواز میں گانا ضرور ریکارڈ کرنا چاہیے کیونکہ مداح انہیں میدانِ کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر انداز میں بھی پسند کرتے ہیں۔ قومی کرکٹرز کے یہ دلچسپ اور دوستانہ تبصرے سوشل میڈیا صارفین میں خوب مقبول ہو رہے ہیں اور مداح ویڈیو پر بھرپور ردعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔ کسی نے کہا کہ بابر اعظم کو یقین ہے کہ وہ اس سے بہتر گا سکتے ہیں جبکہ دیگر نے کہا کہ یہ بہت بہترین ویڈیو ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close