پاکستان ایشیاکپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے‘ بھارتی میڈیا کا نیا شوشہ

نئی دہلی (پی این آئی) بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہٹ دھرمی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی جانب سے ہائبرڈ ماڈل مسترد ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ایشیاکپ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کی حمایت نہیں کریں گے، جس کے باعث توقع ہے کہ رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیاکپ میں پاکستان شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل فائنل کے بعد ملاقات میں ہائبرڈ ماڈل کی تجویز کو نہ ماننے کے بعد اب ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر جے شاہ اگلے اجلاس میں رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتائیں گے کہ ایشیاکپ سری لنکا منتقل کیا جارہا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیاکپ کیلئے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا تاہم، پی سی بی ایونٹ کی میزبانی پاکستان سے باہر کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتا

کیونکہ اس سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے اس کی کوششوں پر اثر پڑے گا۔پاکستان نے ایشیاکپ کے معاملے پر ہائبرڈ ماڈل پیش کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات میں کروانے کا آپشن پیش کیا تھا جس کو مسترد کردیا گیا۔دوسری جانب اگر ایشیاکپ میں پاکستان شرکت نہیں کرتا تو براڈکاسٹرز کے بیک آف کر جانے کا امکان ہے کیونکہ پاک بھارت میچز کے باعث خطیر رقم ملنا تھی۔

close