پاکستان آئیڈل کے دوسرے سیزن کی فاتح فیصل آباد سے تعلق رکھنے والی حرا قیصر کو مقابلہ جیتنے پر 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔
حرا قیصر کا تعلق ایک متوسط گھرانے سے ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کامیابی کے بعد اپنے خواب پورے کریں گی اور یہ کامیابی ان کے والدین اور اہلخانہ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے۔
گلوکارہ کے مطابق ان کی والدہ، بہنوں اور شوہر نے اس سفر میں بھرپور ساتھ دیا، جبکہ ابتدا میں ان کے بھائی کو کچھ تحفظات تھے، تاہم بعد میں انہوں نے بھی حرا کی حوصلہ افزائی کی اور کہا کہ وہ یہ مقابلہ ضرور جیتیں گی۔
حرا قیصر نے بتایا کہ موسیقی کے حوالے سے انہیں جو کچھ بھی آتا ہے، وہ ان کے والد قیصر علی کی وجہ سے ہے، جو آٹھ سال قبل انتقال کر گئے تھے۔
حرا قیصر نے آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی، جس کے بعد 2013 میں ان کی شادی ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ مقابلہ جیتنے پر ملنے والی 15 لاکھ روپے کی انعامی رقم سے وہ اپنے بچوں کے لیے گھر بنانا چاہتی ہیں۔






