راجپال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں 7 مقدمات میں 3، 3 ماہ قید کی سزا
بھارتی اداکار راجپال یادیو کو چیک باؤنس کیس میں بڑا قانونی جھٹکا لگ گیا، جہاں عدالت نے انہیں 7 مقدمات میں 3، 3 ماہ قید کی سزا سنا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی ہائی کورٹ نے راجپال یادیو کو ہر مقدمے میں ایک کروڑ 5 لاکھ بھارتی روپے ادا کرنے کا حکم بھی دیا، جبکہ 25 ہزار روپے بطور جرمانہ ریاست کو ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے واضح کیا کہ تمام سزائیں بیک وقت چلیں گی۔
عدالت نے اداکار کو فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کے لیے 2 ماہ کی مہلت بھی دی ہے۔
رپورٹس کے مطابق راجپال یادیو اب تک تقریباً 2 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے ادا کر چکے ہیں، جو مجموعی واجب الادا رقم میں سے منہا کیے جائیں گے۔
عدالت نے متنبہ کیا کہ اگر مقررہ رقم ادا نہ کی گئی تو انہیں مزید 6 ماہ قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ قانونی تنازع 2010 میں شروع ہوا تھا، جب مرلی پروجیکٹس پرائیویٹ لمیٹڈ نے راجپال یادیو کو فلم “اتا پتا لاپتا” کی تیاری کے لیے 5 کروڑ بھارتی روپے قرض دیا تھا، تاہم فلم باکس آفس پر ناکام رہی اور اداکار قرض واپس کرنے میں ناکام رہے۔
رپورٹس کے مطابق اگست 2024 میں عدم ادائیگی کے باعث اداکار کی جائیداد ضبط کر لی گئی تھی، جبکہ فروری 2026 میں وہ چند روز کے لیے جیل بھی گئے، بعد ازاں جزوی ادائیگی کے بعد انہیں عبوری ریلیف مل گیا۔
راجپال یادیو نے ماضی میں کہا تھا کہ یہ معاملہ صرف مالی نہیں بلکہ اصولی نوعیت کا بھی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ کیس اب اپیل کے مرحلے میں داخل ہو سکتا ہے اور اداکار کو عدالتی فیصلے کو چیلنج کرنے کا موقع دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






