آر ڈی اے ٹاسک فورس کا آپریشن جاری، 6 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں تعمیرات مسمار، فہرست جاری

راولپنڈی (آئی این پی )راولپنڈی ڈویلپمنٹ آتھارٹی غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف ٹاسک فورس کی بھرپورکارروائیاں جاری ہیں۔ٹاسک فورس نے دعا گارڈن، پوٹھوہار ویلی، گلشن عباس، چنار انکلیو، عمران گارڈن اور ڈسکوری گارڈن نامی 6 غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے سائٹ دفاتر، باؤنڈری والز، مرکزی داخلی راستوں، روڈ میڈین، کنٹینر اور انفراسٹرکچر کو مسمار کر دیا۔ڈویڑنل انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کرتے ہوے ٹاسک فورس کی بھر پورکارروائیاں جاری ہیں۔

ٹاسک فورس نے موضع خصالہ کلاں راولپنڈی میں دعا گارڈن، پوٹھوہار ویلی، گلشن عباس، چنار انکلیو، عمران گارڈن اور موضع مجاہد میں ڈسکوری گارڈن نامی چھ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا اور باؤنڈری والز، مرکزی داخلی راستوں، روڈ میڈین، کنٹینر اور انفراسٹرکچر کو مسمار و سیل کر دیے ہیں۔ کمشنر راولپنڈی ڈویڑن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے کہا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسلحہ کے زور پر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قانونی دستاویزات مکمل کر چکے ہیں انہیں زمین کا قبضہ دے دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کی معلومات کے لیے وقتاً فوقتاً پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں اور آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر جاننے کی درخواست کی ہے اور مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صرف منظور شدہ ہاؤسنگ سکیموں سے خرید و فروخت کریں۔ حکام کے مطابق اس سے قبل مذکورہ ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان اور اسپانسرز کو نوٹسز جاری کیے گئے تھے اور غیر قانونی اشتہارات، بکنگ اور ڈویلپمنٹ روکنے کے لیے نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ ان جائیدادوں کے مالکان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بکنگ آفس چلا رہے تھے۔ آپریشن ٹیم جس میں محمد عثمان باجوہ اسسٹنٹ ڈائریکٹربلڈنگ کنٹرول آر ڈی اے، تھانہ صدر بیروںی راولپنڈی کی پولیس ٹیم، آر ڈی اے سکیم و بلڈنگ انسپکٹرز، ضلع کونسل کے انسپکٹر، ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر ٹیم ممبران نے مشترکہ طور پر گرینڈ آپریشن کیا۔

close