الیکشن کمیشن نے بلوچستان میں تعینات افسران کے تبادلے کے احکامات جاری کر دیئے

اسلام آباد (آئی این پی)عام انتخابات سے پہلے صوبوں میں افسران کی تبدیلی کے معاملے پر الیکشن کمیشن آف پاکستا ن نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو صوبے میں تعینات افسران کے تبادلے کے احکامات جاری کردیئے ۔سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید خان نے چیف سکرٹری بلوچستان کو مراسلہ بھیج دیا، جس میں لکھا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے، صاف شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد بھی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

جاری مراسلہ کے مطابق چیف سیکرٹری سے ملاقات کے دوران صوبے میں افسران کے تبادلے کا معاملہ زیر بحث آیا، نگران حکومت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد جن صوبائی سیکرٹریوں سمیت افسران کے تبادلے نہیں ہوئے، انہیں فوری طور پر تبدیل کیا جائے، ان احکاماتِ پر قانون کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔مراسلے میں واضح کیا گیا ہے ان احکامات پرعملدرآمد کرکے 3 دن میں رپورٹ الیکشن کمیشن کو جمع کروائی جائے۔

close