پنجاب بھر میں ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کی موٹرسائیکل ایک روز کے لیے بند بھی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے صوبے بھر میں ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔ نئی ہدایات کے تحت ہیلمٹ کے بغیر موٹرسائیکل چلانے والوں کا نہ صرف چالان کیا جائے گا بلکہ ان کی موٹرسائیکل بھی ایک دن کے لیے تحویل میں لے لی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہیلمٹ کے سو فیصد استعمال کو یقینی بنانے کے لیے آج سے باقاعدہ کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ لین لائن کی پابندی نہ کرنے والے موٹرسائیکل سواروں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حکام کے مطابق گزشتہ ماہ 20 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں لین لائن کی خلاف ورزی پر بند کی گئیں۔
حکام نے کہا کہ یہ تمام اقدامات شہریوں کی جانوں کے تحفظ اور ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سڑکوں پر لین لائن کی پابندی کریں اور ہر صورت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد کے لیے نیا ڈیجیٹل چالاننگ نظام بھی متعارف کرا دیا گیا ہے، جس کے تحت اب ہر ٹریفک چالان مکمل شواہد کے ساتھ جاری کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک وقاص نذیر کے مطابق صوبے بھر میں ٹریفک پولیس “ون ایپ” کے ذریعے شہریوں کے چالان جاری کرے گی، جبکہ ہر چالان کے ساتھ موقع پر لی گئی ویڈیو اور تصاویر بطور ثبوت محفوظ کی جائیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو ٹریفک چالان کی ادائیگی کے لیے 8070 سے الرٹ ایس ایم ایس موصول ہوگا، جس میں ٹریفک خلاف ورزی کے شواہد کا لنک بھی شامل ہوگا۔
وقاص نذیر کے مطابق شہری ایس ایم ایس میں موجود لنک کے ذریعے اپنی ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو اور تصاویر سمیت مکمل ثبوت دیکھ سکیں گے، جس سے چالاننگ کے عمل میں شفافیت اور اعتماد کو فروغ ملے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں نیا نظام ٹریفک قوانین پر مؤثر عملدرآمد، شفاف چالاننگ اور شہریوں کو قابلِ تصدیق شواہد فراہم کرنے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے یکم جولائی سے ای چالان نادہندگان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ای چالان کی ادائیگی نہ کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس مقصد کے لیے صوبے بھر میں ٹریفک پولیس کے تمام اہلکاروں کو “ٹریفک ون ایپ” فراہم کر دی گئی ہے، جس کے ذریعے موقع پر ہی ای چالان کی تصدیق اور واجبات کی وصولی ممکن ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






