ٹنڈو محمد خان میں نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ ثمرین مگسی کو قتل کر دیا، جبکہ ان کا پانچ سالہ بیٹا سیف اللہ مگسی زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ بلڑی شاہ کریم تھانے کی حدود میں سجاول روڈ پر پیش آیا، جہاں ویگو گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے غلام نبی مگسی کی کار کو نشانہ بنایا اور اس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ زخمی ہونے والے پانچ سالہ سیف اللہ مگسی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






