ڈاکو راج، پولیس دیکھتی رہ گئی، شہری قتل

کراچی(پی این آئی) ڈاکو راج، پولیس دیکھتی رہ گئی، شہری قتل۔۔۔کراچی میں ماہ رمضان کے دوران ڈاکو دندناتے پھررہے ہیں جہاں روزانہ کی بنیاد پر ڈکیتی مزاحمت پر شہریوں کو قتل کرنے کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔پولیس کے مطابق گلستان جوہر چورنگی پل پر ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل سوار شخص کو روک کر لوٹنے کی کوشش کی، اس دوران شہری کی مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کی جس سے شہری رہبر علی جاں بحق ہوگیا جب کہ دوسرا شہری عرفان زخمی ہوگیا۔واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے لگے تو شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جو دم توڑ گیا جب کہ دوسرا فرار ہوگیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیالنجارنے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او شارع فیصل کو فوری طور پر معطل کرنےکے احکامات جاری کردیے، وزیر داخلہ نے ایس ایس پی ایسٹ سے ایس ایچ او کا سابقہ اور حالیہ ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔دوسری جانب مقتول سید رہبرعلی کے والد اختر حسین نے جناح اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرا بیٹا دو بچوں کا باپ تھا،آن لائن فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا، حکمران اس ملک میں غربت ختم کرنے کیلئے کچھ کریں کیونکہ جولوگ شہریوں کو ماررہے ہیں وہ بھی بھوک کی وجہ سے ایسا کررہے ہیں۔

علاوہ ازیں نارتھ ناظم آبادمیں بہادر شہری نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنادی اور ملزم سے پستول چھین لیا، صورتحال الٹی دیکھنے پر ایک ملزم فرا ہوگیا جب کہ دوسرے کو شہریوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔مزید برآں گلستان جوہر میں پولیس مقابلے کے نتیجے میں 2مبینہ ملزمان ہلاک ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔۔۔۔

close