88کلو منشیات برآمد، 9ملزمان گرفتار، کون کون کہاں کہاں سے پکڑا گیا؟

اسلام آباد (آئی این پی)اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف 7مختلف کارروائیوں کے دوران 88کلو سے زائد منشیات برآمد کر کے 9ملزمان کو گرفتار کر لیا،ترجمان اے این ایف کے مطابق ایم ون موٹر وے اسلام آباد پر گاڑی سے 15کلو 600گرام چرس برآمد ہوئی، جسے گاڑی میں بنائے گئے خفیہ خانوں سے برآمد کیا گیا، دورانِ کارروائی چارسدہ کے رہائشی 2ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا،سنگجانی ٹول پلازہ اسلام آباد پر موٹر سائیکل سوار ملزم کو خاتون سمیت گرفتار کر لیا گیا،

دورانِ کارروائی خاتون کے پرس اور موٹر سائیکل کی سیٹ میں چھپائی گئی منشیات برآمد کی گئی، برآمد کی گئی منشیات میں 2کلو 200گرام چرس، 500گرام افیون اور 1کلو آئس شامل ہے،ایک کارروائی میں باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر مسافر کے پیٹ سے 87آئس بھرے کیپسولز برآمد کیے گئے، خیبر کا رہائشی ملزم پرواز نمبر QR-601کے ذریعے قطر کے لیے روانہ ہو رہا تھا،اے این ایف کی جمرود خیبر میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران اسلحے سمیت خیبر کے رہائشی 2ملزمان گرفتار کر لیے گئے، گرفتار ملزمان کے گھر سے 5کلو ہیروئن، 200گرام آئس اور 50نشہ آور (ایکسٹیسی)گولیاں برآمد کی گئی،کوئٹہ میں کارروائی کے دوران پک اپ سے 62کلو گرام چرس برآمد ہوئی، چرس پک اپ کے فرش میں بنائے گئے خفیہ خانے سے برآمد کی گئی،ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مذید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

close