صوابی ،سکول کے طلبہ کی غیر اخلاقی ویڈیو بنانے کا الزام، چوکیدار گرفتار

صوابی(آئی این پی)خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے بوائز سکول میں طلبہ کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنا کر سکول چوکیدار سوشل میڈیا پر وائرل کرتا تھا۔ پولیس نے سرکاری سکول کے چوکیدار کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزم سجاد پر الزام ہے کہ وہ زور زبردستی سے سکول کی بچوں کی قابل اعتراض ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا تھا، اور ویڈیوز سے ان کو بلیک میل بھی کرتا تھا۔ملزم کے خلاف والدین کی شکایات موصول ہوئیں تو پولیس نے کارروائی کر کے چوکیدار کو گرفتار کرلیا۔ ملزم سجاد پر چائلڈ پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

ترجمان صوابی پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے موبائل فون برآمد کرلیا گیا جس میں غیر اخلاقی ویڈیوز پائی گئیں ہیں، تاہم مزید تصدیق کے لیے فارنزک لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔ ترجمان پولیس نے بتایا کہ ملزم کئی سالوں سے سکول میں چوکیدار کے عہدے پر ڈیوٹی دے رہا تھا۔ عین ممکن ہے ملزم کے ساتھ کوئی اور بھی ملوث ہو اس لیے مزید تفتیش جاری ہے۔محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے فوری طور پر واقعہ کا نوٹس لے کر انکوائری کمیٹی تشکیل دی ہے۔

وزیر تعلیم شہرام ترکئی اور سیکرٹری ایجوکیشن نے انکوائری کمیٹی کو تین دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ترجمان محکمہ تعلیم کے مطابق چوکیدار کے خلاف الزام ثابت ہونے پر سخت کارروائی کی جائے گی۔۔۔۔

close