تمام خطرات کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم، سیکیورٹی فورسز

راولپنڈی (آن لائن) بلوچستان میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، 21 ستمبر سے اب تک مختلف کارروائیوں میں 33 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران 24 ستمبر کو دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے خلاف کارروائی کی گئی، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران اب تک مجموعی طور پر 22 خوارج ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن خطرے کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا، جبکہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 25 ستمبر کو نوشکی میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ غیرملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے اور بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔