بجلی چوری کی کوشش میں غریب مزدور کی جان چلی گئی!

اسلام آباد (آن لائن) نیو ایئرپورٹ ٹاؤن اسلام آباد میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک مزدور جاں بحق جبکہ 2 مزدور شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق آج 25 ستمبر کو دوپہر کے وقت سوسائٹی کے اندر نصب کھمبے پر، جس پر سے 11 ہزار وولٹ کی تاریں گزرتی ہیں، تین مزدور چڑھے تھے۔ کرنٹ لگنے سے ایک مزدور موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دیگر 2 مزدور شدید زخمی ہوگئے، جنہیں ٹراما سینٹر اسلام آباد ایئرپورٹ میں داخل کرایا گیا ہے۔

متعلقہ افراد کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ مزدوروں کو سوسائٹی میں بجلی چوری کے لیے کھمبے پر چڑھایا گیا تھا۔ تاہم اس الزام کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔

اہلیان ٹاؤن کے مطابق یہ سوسائٹی آر ڈی اے سے منظور شدہ نہیں اور آر ڈی اے اسے غیر قانونی قرار دے چکا ہے۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ وہ متعدد بار متعلقہ اداروں، بشمول آر ڈی اے، واپڈا اور تھانہ دھمیال سے سوسائٹی کے مالک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔

رہائشیوں نے الزام عائد کیا کہ سوسائٹی کے مالک شاہد محمود کے والد یوسف شفیع شاہد، جو ریٹائرڈ ایس پی ہیں، اپنا اثر و رسوخ استعمال کرکے ان کے خلاف دی جانے والی درخواستیں فائل کروا دیتے ہیں۔

اہلیان ٹاؤن نے اس سانحے پر ایس ڈی او واپڈا ذیشان اکبر اور تھانہ دھمیال پولیس سے شاہد محمود اور ان کے والد یوسف شفیع شاہد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔