بجلی کے200 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں کیلئے اہم خبر

پاور ڈویژن نے بجلی کے نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو ریلیف دینے کی تجویز پر غور شروع کردیا۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے پروٹیکٹڈ فارمولے پر نظرثانی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ جس ماہ 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال ہوگی، اضافی نرخ بھی اسی ماہ وصول کیے جائیں گے، جبکہ 5 ماہ تک اضافی ادائیگیاں نہیں کرنا پڑیں گی۔

ذرائع کے مطابق 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر اضافی ریٹ اسی ماہ لینے کی تجویز ہے۔ موجودہ فارمولے کے تحت پروٹیکٹڈ صارف کو 6 ماہ تک اضافی ادائیگی کرنا پڑتی ہے۔

صرف ایک بار 200 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے پر پروٹیکٹڈ کیٹیگری ختم کردی جاتی ہے، جس کے بعد پروٹیکٹڈ صارف کو بھی اگلے 5 ماہ تک کم یونٹس استعمال کرنے کے باوجود اضافی نرخ ادا کرنے پڑتے ہیں۔

دوسری جانب بٹ کوائن مائننگ کے لیے کم ریٹ پر بجلی کی فراہمی کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا۔ حکومت بٹ کوائن مائننگ کے معاملے پر آئی ایم ایف کو راضی نہیں کرسکی، جبکہ حالیہ مذاکرات میں یہ معاملہ ایک بار پھر آئی ایم ایف ٹیم کے سامنے رکھا جائے گا۔