جرمنی میں پاکستانی خواہشمند ہنرمند افراد کیلیے سنہری موقع

بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے جرمنی میں ہنرمند اور تعلیم یافتہ افراد کے لیے رہائشی اجازت نامے سے متعلق اہم معلومات جاری کر دی ہیں۔

بیورو کے مطابق جرمنی نے اپنی مضبوط معیشت اور افرادی قوت کی بڑھتی ہوئی ضرورت کے پیش نظر دنیا بھر کے باصلاحیت افراد کے لیے کام اور رہائش کا باقاعدہ راستہ فراہم کیا ہے۔

جرمنی میں ہنرمند افراد کے لیے رہائشی اجازت نامے کا مقصد ایسے تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افراد کو مواقع فراہم کرنا ہے جو ملک کی معیشت اور افرادی قوت کی ضروریات پوری کرنے میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔

جاری کردہ معلومات کے مطابق درخواست دینے والے افراد کے پاس ایسی تعلیمی قابلیت یا پیشہ ورانہ اہلیت ہونی چاہیے جسے جرمنی میں تسلیم شدہ تعلیمی معیار کے مساوی قرار دیا جا سکے۔

بعض پیشوں، خصوصاً صحت کے شعبے سے متعلق ملازمتوں کے لیے اضافی قواعد اور باقاعدہ لائسنس کے تقاضے بھی پورے کرنا ضروری ہیں۔ ایسے شعبوں میں کام کے خواہشمند افراد کو اپنی پیشہ ورانہ قابلیت اور متعلقہ اجازت ناموں سے متعلق مقررہ شرائط پوری کرنا ہوں گی۔

بیورو کے مطابق رہائشی اجازت نامے کے لیے درخواست دینے والے فرد کے پاس جرمنی کے کسی ادارے یا کمپنی کی جانب سے واضح اور مستند ملازمت کی پیشکش بھی ضروری ہے۔ ملازمت درخواست گزار کی تعلیم، تربیت یا پیشہ ورانہ مہارت سے مطابقت رکھتی ہونی چاہیے۔

درخواست گزار کی قابلیت اور ملازمت کے تقاضوں کے درمیان مطابقت بھی اہم ہے، جبکہ بعض پیشوں کے لیے اضافی پیشہ ورانہ یا لائسنسنگ شرائط لاگو ہو سکتی ہیں۔

بیورو نے جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند افراد کو ہدایت کی ہے کہ درخواست دینے سے قبل اپنی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ اہلیت، ملازمت کی پیشکش اور متعلقہ شعبے کی دیگر لازمی شرائط کا جائزہ لے لیں تاکہ رہائشی اجازت نامے کے لیے مقررہ تقاضے پورے کیے جا سکیں۔