خبردار!!! ڈرائیونگ لائسنس کے لیے نیا طریقہ کار نافذ ، سخت شرائط عائد کر دی گئیں

ڈرائیونگ لائسنس کے لیے نیا طریقہ کار آج 17 ستمبر 2026 سے نافذ کر دیا جائے گا، جس کے تحت ٹیسٹ کے عمل کے لیے سخت شرائط عائد کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق ای سائن ٹیسٹ پاس کرنے کے 24 گھنٹے کے اندر روڈ ٹیسٹ دینا لازمی ہوگا۔ مقررہ وقت میں روڈ ٹیسٹ نہ دینے کی صورت میں ای سائن ٹیسٹ کا نتیجہ ختم ہو جائے گا اور امیدوار کو مکمل عمل دوبارہ شروع کرنا پڑے گا۔

افسران کو نئے طریقہ کار پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ای سائن اور روڈ ٹیسٹ 24 گھنٹے کے اندر پاس کرنے کے باوجود پی ایس آئی ڈی تیار نہ ہونے کی صورت میں منظوری نہیں دی جائے گی۔

حکام کے مطابق پی ایس آئی ڈی جنریٹ نہ ہونے پر 24 گھنٹے بعد دونوں ٹیسٹ کے نتائج بھی ختم ہو جائیں گے، جبکہ سات دن کے اندر پی ایس آئی ڈی فیس جمع نہ کرانے کی صورت میں پورا عمل منسوخ کر دیا جائے گا۔

پی ایس آئی ڈی ایکسپائر ہونے کی صورت میں امیدوار کو ای سائن اور روڈ ٹیسٹ دوبارہ 24 گھنٹے کے اندر دینا ہوں گے۔

ٹریفک حکام کے مطابق روڈ ٹیسٹ والی سائٹ پر باقاعدہ لائسنس کی درخواست جمع کروائی جائے گی۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے تمام اضلاع کے ٹریفک سربراہان کو نئے طریقہ کار پر عملدرآمد کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔