قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے اہم خبر آگئی

قومی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے والوں کے لیے اہم تبدیلی سامنے آئی ہے، جس کے تحت بیشتر اسکیموں کی شرحِ منافع میں کمی کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی بچت نے مختلف سیونگ اسکیموں پر منافع کی شرحوں میں رد و بدل کیا ہے۔ زیادہ تر اسکیموں کی شرحِ منافع کم کی گئی ہے، جبکہ صرف ایک سالہ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرح میں معمولی اضافہ کیا گیا ہے۔

پنشنرز بینیفٹ اکاؤنٹ اور بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس کی شرحِ منافع میں 36 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد یہ 12.60 فیصد ہوگئی ہے۔

اسی طرح ریگولر انکم سرٹیفکیٹس کی شرحِ منافع 36 بیسس پوائنٹس کم کرکے 11.16 فیصد، جبکہ اسپیشل سیونگ اکاؤنٹ کی شرح 30 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد 10.90 فیصد کردی گئی ہے۔

تین ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کی شرحِ منافع 26 بیسس پوائنٹس کمی سے 10.86 فیصد، جبکہ چھ ماہ کے شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کی شرح 28 بیسس پوائنٹس کمی کے بعد 10.86 فیصد ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ایک سالہ شارٹ ٹرم سیونگ سرٹیفکیٹس کی شرحِ منافع میں 11 بیسس پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد یہ شرح 11.28 فیصد ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی شرحوں کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ شرحِ منافع میں ہونے والی اس تبدیلی سے بالخصوص فکسڈ انکم پر انحصار کرنے والے سرمایہ کاروں کی آمدن متاثر ہونے کا امکان ہے۔