نو مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں 47 اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ جاری کردیا۔ راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے تمام 47 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کے خلاف فیصلہ جاری کیا۔ مقدمے میں تمام اشتہاری ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلایا گیا تھا۔
پراسیکیوشن کی جانب سے مقدمے میں 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرائے گئے، جب کہ مقدمے میں استغاثہ کے کل 44 گواہان کے بیانات قلم بند ہو چکے ہیں۔
عدالت نے سزا پانے والے 47 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی اور ان کی جائیداد ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔
مقدمے کی تفصیلات کے مطابق سزا پانے والے ملزمان پر 9 مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات ہیں۔ جے آئی ٹی نے ان ملزمان کو منصوبہ بندی میں مرکزی ملزم قرار دیا تھا۔
ان ملزمان میں عمر ایوب، زرتاج گل، شیخ راشد شفیق، مراد سعید، زلفی بخاری، شہباز گل، علی امین گنڈاپور، شاندانہ گلزار، حماد اظہر اور اعظم سواتی شامل ہیں۔






