عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کراچی میں تین مرکزی جلوس برآمد ہوں گے، جن کے لیے ٹریفک پولیس نے خصوصی ٹریفک پلان تیار کر لیا ہے۔ جلوسوں کے دوران ایم اے جناح روڈ عام ٹریفک کے لیے بند رہے گا، جبکہ صرف خصوصی پاس رکھنے والی گاڑیوں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
پہلا مرکزی جلوس شہید مسجد کھارادر سے مولانا یعقوب عطاری کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے برآمد ہوگا۔ جلوس نیو میمن مسجد سے ہوتا ہوا گلزار حبیب مسجد پہنچے گا، جہاں عصر کے وقت اختتام پذیر ہوگا۔
دوسرا جلوس نیو میمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے مولانا اکبر درس کی قیادت میں دوپہر ڈھائی بجے روانہ ہوگا اور عصر کے وقت آرام باغ مسجد پر اختتام پذیر ہوگا۔
تیسرا جلوس بھی نیو میمن مسجد سے مولانا شاہ عبد الحق قادری کی قیادت میں سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا اور شام 6 بجے نشتر پارک پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ جلوس کے اختتام پر نشتر پارک میں میلاد النبی ﷺ کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جلوسوں کے دوران مشکلات سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ڈائیورژن پوائنٹس پر ٹریفک پولیس اہلکار شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود ہوں گے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق 12 ربیع الاول کے روز کراچی میں ہیوی اور کمرشل گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد ہوگی۔






