اسحاق ڈار سے امریکی ناظم الامورکی ملاقات، دوطرفہ تعاون اورعلاقائی صورتحال پرتبادلہ خیال

*اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امریکی ناظم الامور سے ملاقات*

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ اہم علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں حالیہ علاقائی پیش رفت اور خطے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اسحاق ڈار نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارتکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید بڑھانے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ نیٹلی بیکر نے اسحاق ڈار کو پاکستان کے یوم آزادی پر مبارکباد بھی پیش کی۔

*ناروے کے وزیر خارجہ کی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات*

دوسری جانب ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور خطے کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشتگردی، غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام، پولیس ٹریننگ اور قانونی معاونت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں افغانستان کی صورتحال اور وہاں موجود کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر بھی بات ہوئی۔ محسن نقوی نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین پاکستان میں دہشتگردی کے لیے مسلسل استعمال ہو رہی ہے۔