فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ناروے کے وزیر خارجہ کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطح وفد نے جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام سے متعلق پاکستان کا مؤقف واضح کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔

ملاقات میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، جبکہ دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔