اسلام آباد (آن لائن) امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کے بطور ثالث اہم کردار کے باعث عالمی سطح پر پاکستان کی امن کاوشوں کا اعتراف کیا جا رہا ہے۔
عالمی جریدے ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق امریکا ایران جنگ بندی کے لیے اسلام آباد معاہدہ کرانے والے پاکستان اور قطر کشیدگی کم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان اپنی سفارتی صلاحیت کے ذریعے ایران اور امریکا کو دوبارہ مذاکرات کی طرف لانے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کے ساتھ فوجی اور تزویراتی شراکت داری جبکہ ایران کے ساتھ تاریخی روابط پاکستان کو منفرد سفارتی مقام فراہم کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر آغاز ہی سے امریکا ایران جنگ بندی کے لیے سفارتی کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
عالمی جریدے کے مطابق پاکستان اور قطر جولائی میں ایران اور امریکا کو جنگ بندی اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے مشترکہ تجارتی پیشکش بھی کرچکے ہیں۔ ایران کو معاشی دباؤ اور پابندیوں کا سامنا ہے، جبکہ امریکا بھی طویل جنگی اخراجات اور محدود فوجی وسائل کے دباؤ میں ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا، ایران، سعودی عرب اور چین کے ساتھ بیک وقت بہتر تعلقات نے پاکستان کو ایک قابلِ اعتماد ثالث بنا دیا ہے۔ حالیہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے نے بھی خطے میں پاکستان کے تزویراتی کردار کو مزید نمایاں کیا ہے۔
ساؤتھ ایشین وائسز کے مطابق پاکستان ماضی میں بھی امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط قائم کرانے اور ایران عراق جنگ کے دوران اہم سفارتی کردار ادا کرچکا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ امریکا ایران جنگ سمیت تاریخ کے اہم تنازعات میں ثالث کے طور پر پاکستان کے کردار کا اعتراف ملک کے عالمی وقار اور سفارتی اہمیت میں مزید اضافے کا باعث بن رہا ہے۔






