رواں سال کا دوسرا سورج گرہن آج 12 اگست کو ہوگا، جس کے دوران یورپ کے بعض علاقوں میں مکمل سورج گرہن کا شاندار نظارہ کیا جا سکے گا۔ یہ 1999 کے بعد مغربی یورپ کے بیشتر حصوں میں نظر آنے والا پہلا مکمل سورج گرہن ہے۔
مکمل سورج گرہن گرین لینڈ، آئس لینڈ، شمالی اسپین اور پرتگال کے ایک محدود علاقے میں دیکھا جا سکے گا، جبکہ برطانیہ، آئرلینڈ اور یورپ کے دیگر کئی علاقوں میں جزوی سورج گرہن نظر آئے گا۔ پاکستان میں یہ سورج گرہن قابلِ مشاہدہ نہیں ہوگا۔
ماہرین کے مطابق مکمل گرہن کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ تقریباً 2 منٹ 18 سیکنڈ ہوگا، جبکہ اسپین میں شمالی علاقوں سے لے کر مشرقی حصوں تک مختلف مقامات پر مکمل سورج گرہن دیکھا جا سکے گا۔
یہ فلکیاتی مظاہرہ دنیا بھر کے ماہرین فلکیات اور شائقین کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، خصوصاً اسپین جہاں 1905 کے بعد پہلی مرتبہ ملک کے بڑے حصے میں مکمل سورج گرہن دیکھا جا رہا ہے۔






