آخری آپشن لانگ مارچ، کتنے لاکھ لوگوں کے ساتھ پشاور سے نکلیں گے؟ پی ٹی آئی رہنما کا بڑا اعلان

 

اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس احتجاج کے لیے اب لانگ مارچ آخری آپشن ہے، 20 لاکھ افراد کے ساتھ پشاور سے نکلیں گے اور اس کے اثرات ملک بھر میں نظر آئیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ ہماری کہیں شنوائی نہیں ہو رہی، اسی وجہ سے احتجاج کا راستہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 27 ستمبر تک تمام کارکنوں اور رہنماؤں کو متحد ہونا چاہیے، کیونکہ یہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کی تحریک ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے 9 ماہ سے ملاقاتیں بند ہیں، ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے پُرامن احتجاج کرے گی۔

شفیع جان کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان بھی پی ٹی آئی کے مؤقف سے متفق ہے اور 27 ستمبر کو لانگ مارچ میں شریک ہوگی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ علی امین گنڈاپور بھی ان کے ساتھ ہوں گے اور وہ پی ٹی آئی کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی، اس صورتحال میں پی ٹی آئی کے پاس لانگ مارچ کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

پیپلزپارٹی سے متعلق بات کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ پارٹی کے ایک سینئر رہنما نے پی ٹی آئی قیادت سے رابطہ کیا ہے، تاہم انہیں تمام عہدے چھوڑنا ہوں گے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی سے مشاورت جاری ہے اور آئندہ اجلاس میں اس معاملے پر بھی بات ہوگی۔

شفیع جان نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کو آئینی عہدے چھوڑنے چاہئیں، کیونکہ ان کے ووٹ سے حکومت قائم ہے اور گزشتہ بجٹ میں بھی انہوں نے حکومت کا ساتھ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو تمام معاملات سے باہر آنا ہوگا۔