آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے 8 اگست سے غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کر دیا گیا ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین روزانہ کے بجائے ماہانہ بنیاد پر کیا جائے اور حالیہ اضافے کو واپس لیا جائے۔
ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ ٹول ٹیکس میں حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لے کر 30 جون 2024 کی شرح بحال کی جائے، جبکہ گڈز ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد 7 فیصد ودہولڈنگ ٹیکس ختم کرکے اسے 2 فیصد کیا جائے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایکسل لوڈ اور اوورلوڈنگ سے متعلق قوانین پر یکساں اور سختی سے عمل درآمد کیا جائے، دس وہیلر گاڑیوں کے مجاز وزن پر نظرثانی کی جائے، کسٹمز حکام کی جانب سے ٹرانسپورٹرز کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، اور وفاقی حکومت سمیت پنجاب اور سندھ حکومت کی جانب سے پہلے سے تسلیم شدہ مطالبات پر عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ڈرائیورز سے باقاعدہ ٹیسٹ لے کر انہیں ایچ ٹی وی (HTV) لائسنس جاری کیے جائیں۔






