سکیورٹی فورسز کارروائیاں، متعدد خوارج مارے گئے

**خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، متعدد دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد**

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام وژن کے تحت گزشتہ دو ماہ سے خیبرپختونخوا میں مؤثر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے کھٹی کلی میں آپریشن کے دوران متعدد دہشت گرد مارے گئے، جبکہ کارروائی کے دوران کچھ دہشت گردوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی آبادی کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کے قیام اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔