وزارت اطلاعات و نشریات نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات کے دوران بین الاقوامی نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹنگ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزارت اطلاعات نے کہا کہ الجزیرہ نے مخصوص اوقات میں چند منتخب پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور پہلے سے طے شدہ بیانات کی بنیاد پر ایسی تصویر پیش کرنے کی کوشش کی جو زمینی حقائق سے مطابقت نہیں رکھتی۔
بیان کے مطابق عوام کی بڑی تعداد نے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کرتے ہوئے جمہوری انداز میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کیا، تاہم بعض غیر ملکی عناصر عوامی مینڈیٹ کو متنازع بنانے کے لیے مختلف ذرائع استعمال کر رہے ہیں اور الجزیرہ کی رپورٹنگ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی دکھائی دیتی ہے۔
وزارت اطلاعات نے اس طرزِ رپورٹنگ کو “زرد صحافت” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چند مخصوص مناظر اور منتخب افراد کے بیانات کی بنیاد پر پورے انتخابی عمل کے بارے میں رائے قائم کرنا صحافتی اصولوں کے منافی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ عوامی فیصلے نے ثابت کیا ہے کہ ووٹرز نے جمہوری عمل پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنے نمائندوں کے انتخاب میں بھرپور حصہ لیا، جبکہ انتخابی عمل کے خلاف منفی تاثر پیدا کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی کیونکہ عوام نے آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
وزارت اطلاعات نے زور دیا کہ بین الاقوامی میڈیا کو رپورٹنگ کے دوران غیرجانبداری، توازن اور صحافتی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ حقائق کو مکمل تناظر میں دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
بیان کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام کا فیصلہ جمہوری اصولوں کے مطابق سامنے آیا ہے اور کسی بھی قسم کی جانبدارانہ یا انتخابی رپورٹنگ اس حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی۔
دوسری جانب پاکستان میں الجزیرہ کی ویب سائٹ تک رسائی میں مشکلات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے باعث بعض صارفین کو خبروں تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔






