لاہور (آئی این پی): جمعیت علمائے اسلام (س) لاہور کے امیر و مرکزی سالار مولانا قاری اعظم حسین، امیر مولانا پیر عبدالقدوس نقشبندی، ناظمِ اعلیٰ مولانا ایوب خان، ڈپٹی سیکرٹری پیر اکبر ساقی، لاہور کے ناظمِ اعلیٰ مولانا طیب عثمانی، نائب امیر مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری واحد بخش، قاری رحمت اللہ لاشاری، انجینئر خالد ٹیپو، عبدالحمید تونسوی، مولانا محمد ممتاز، مولانا توقیر عباس اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک پر حکومت نہیں بلکہ مہنگائی راج کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کا جن قابو سے باہر ہو چکا ہے، حکمران اس پر قابو پانے میں ناکام ہیں اور غریب عوام کی زندگی اجیرن بن چکی ہے۔ ان کے مطابق بجلی کے بلوں اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے نے غریبوں کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
رہنماؤں نے کہا کہ حکمران بار بار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے عوام کو اذیت ناک زندگی گزارنے پر مجبور کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ظالمانہ پالیسیاں قوم اور ملک کے لیے تباہ کن سونامی ثابت ہو رہی ہیں۔ ایک طرف مہنگائی عروج پر ہے تو دوسری جانب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا ہے، جبکہ حکمران معاشی ترقی کے دعوؤں سے قوم کو طفل تسلیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو صرف اپنی مراعات اور پرتعیش زندگی کی فکر ہے، جبکہ غریب عوام کی دو وقت کی روٹی کی کوئی پروا نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ استحصالی پالیسیوں کے ذریعے مسلسل قوم کا خون نچوڑا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






