لاہور (آئی این پی): ملک بھر میں مون سون بارشوں کا دوسرا طاقتور اسپیل 19 جولائی (اتوار) سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے 19 سے 23 جولائی کے دوران بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ نالہ لئی، مری، گلیات اور دیگر برساتی نالوں میں طغیانی کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب اور چنیوٹ میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسی طرح نورپور تھل، بھکر، میانوالی، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفرگڑھ، کوٹ ادو، رحیم یار خان اور راجن پور میں 20 سے 24 جولائی کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، بجلی کے کھمبوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے اور آندھی و گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ادارے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جبکہ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ اور پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو ندی نالوں اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






